بجلی منافع کی مد میں وفاق کے ذمے خیبرپختونخوا کے 3 کھرب روپے ہیں، نگران وزیرخرانہ


پشاور(صباح نیوز) نگران وزیر خرانہ خیبرپختونخوا رسول احمد بنگش نے کہاہے کہ خالص بجلی منافع کی مد میں وفاق کے ذمے صوبے کے3 کھرب روپے واجب الادا ہیں۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رسول احمد بنگش نے کہا کہ بقایاجات میں سے آدھے بھی مل جائیں تو ہمارا سلسلہ چل جائیگا، خالص بجلی منافع کی مد میں وفاق کے ذمے خیبرپختونخوا کے 3 کھرب روپے ہیں۔

نگراں وزیرخزانہ کے پی کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو رہا، این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبے کو اس کا پورا حصہ نہیں مل رہا، این ایف سی ایوارڈ کے تحت ہمارا حصہ 14.62 فیصد بنتا ہے۔

رسول احمد بنگش کے مطابق قبائلی اضلاع کے ضم ہونے سے این ایف سی ایوارڈ مزید 5 فیصد بڑھ گیا ہے، فاٹا مرجر سے خیبرپختونخواکا نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ 19.64 فیصد بنتا ہے۔

نگران وزیر خزانہ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ بی آرٹی کو پہلے اور دوسرے کوارٹر کے 2 ارب روپے دیے ہیں، بی آر ٹی کی مزید فنڈ کی ڈیمانڈ پر غور ہو رہا ہے۔