لکی مروت میں جام شہادت نوش کرنے والے فوجی جوان سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک


 راولپنڈی (صباح نیوز)ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والے فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر کے مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 10 جنوری کو لکی مروت میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں ضلع بھمبر، آزاد کشمیرکے رہائشی 29 سالہ سپاہی محمد افضل اور مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ سپاہی ابرار حسین شہید ہو گئے تھے جن کی نماز جنازہ آبائی علاقوں میں ادا کر دی گئی۔

سپاہی محمد افضل شہید اور سپاہی ابرار حسین شہید کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوان، شہدا کے لواحقین اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ افواج پاکستان مادرِ وطن سے دہشتگردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔