شہریار آفریدی ،شاندانہ گلزار اور شیر افضل مروت کے کاغذاتِ منظور


 پشاور (صباح نیوز)الیکشن ٹریبونلز نے پی ٹی آئی رہنما ؤںشہریار آفریدی ،شاندانہ گلزار اور شیر افضل مروت کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لئے ۔

شہریار آفریدی کی اپیل پر الیکشن ٹربیونل میں سماعت ہوئی جسے منظور کرلیا گیا۔واضح رہے کہ ریٹرننگ افسر نے این اے 35 اور پی کے 92 کوہاٹ سے شہریار آفریدی کے کاغذات مسترد کردیے تھے۔ الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف اپیل منظور کرلی، آراوکا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ریٹرننگ افسر نے این اے 30 پشاور سے شاندانہ گلزار کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے جس کے خلاف انہوں نے الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی۔

پشاور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما شاندار گلزار کی اپیل پر سماعت کی اور ان کے کاغذات مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔الیکشن ٹریبونل نے پشاور کے حلقے این اے 32 سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیر افضل مروت کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے ۔2 جنوری کو شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ پانی کے کنکشن کے بلوں کی عدم ادائیگی پر میرے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے ۔