لاہور (صباح نیوز)وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے اعلان کیا ہے کہ بغیر ویکسینیشن بچوں کو سکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ این سی او سی اجلاس میں سکولز پر سب سے آخر میں بات ہوئی، دیگرچیزوں کے بند ہونے تکسکولز کی بندش کا فیصلہ نہیں کر سکتے، 12 سال سے کم عمر کی بچوں کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ ہوں گی،12 سال سے کم عمر کے بچوں کی ویکسینیشن نہیں ہوئی، بغیر ویکسینیشن بچوں کو اسکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیرتعلیم نے کہا کہ اسکولز بند نہیں کرسکتے، پہلے ہی بچوں کا بہت نقصان ہوچکا ہے، سکولوں کو بند نہیں کیا جا رہا صورتحال خراب ہوتی ہے تو مرحلہ وار اقدامات ہوں گے ، اساتذ ہ کی 100 فیصد ویکسینیشن ہوچکی ہے، جب کہ میٹرک سے انٹر تک کے طلبا کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے، ان کے لیے سکول مستقل کھلے رہیں گے، تاہم ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بچے سکول سے چھٹیوں کا مت سوچیں، ان کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے، جب تک باقی تمام چیزیں بند نہیں ہوتیں، اسکولز بند نہیں کر سکتے۔وزیرتعلیم پنجاب کا کہنا تھا کہ سال کا سارا کیلنڈر پہلے ہی بنا ہوتا ہے، اسکولوں کی سرگرمیاں بہت زیادہ ہیں۔مراد راس نے مزید کہا کہ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن نہیں ہوئی، اب حکومت نے ویکسی نیشن کی استعداد بہت بڑھا دی ہے۔