اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی صحت سہولت پروگرام بند ہونے کا خدشہ ہے
وفاقی وزارتِ صحت نے صحت سہولت پروگرام کو کام کرنے سے روک دیا۔اس حوالے سے وزارتِ صحت کا موقف ہے کہ صحت سہولت پروگرام کی مدت 30 جون 2023 کو مکمل ہو چکی ہے۔وفاقی حکام کے مطابق وفاقی علاقوں میں صحت سہولت پروگرام چلانے کے لیے نیا پی سی ون درکار ہے۔وفاقی حکام کے مطابق صحت سہولت پروگرام چلانے کے لیے فنڈز کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ صحت سہولت پروگرام کی فنڈنگ کا معاملہ پیر کو ایکنک اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا۔
وفاقی حکام کے مطابق فنڈز نہ ملے تو صحت سہولت پروگرام میں علاج صرف غربت کی سطح سے نیچے افراد کا ہوگا۔واضح رہے کہ صحت سہولت پروگرام سے اسلام آباد، کشمیر، جی بی، تھر پارکر میں پونے 2 کروڑ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔