اسلام آباد(صبا ح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تیز اور پائیدار ملکی ترقی کیلئے فکری اور تعلیمی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلبا ہنر مندی ، آن لائن اور فاصلاتی تعلیم سے بھی بھرپور استفادہ کریں، طلبا انفارمیشن ٹیکنالوجی ، مصنوعی ذہانت کے شعبے پر خصوصی توجہ دیں۔ وہ جمعرات کو بلوچستان ریذیڈنشل کالج لورالائی کے تعلیمی دورے پر آئے طلبا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، بلوچستان کے انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ سے ہی تیز رفتار ترقی ممکن ہے ۔ انہوں نیکہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا ہر شعبے میں اطلاق بڑھ رہا ہے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے فروغ سے پاکستان مختصر مدت میں معاشی ترقی کر سکتا ہے ۔ انہوں نیکہا کہ بلوچستان کے طلبا تندہی اور لگن کے ساتھ علم حاصل کریں، طلبا نصاب کے علاوہ کتب بینی اور علم کے حصول پر بھی توجہ دیں، ماضی میں علم کا حصول مشکل تھا، جدید ٹیکنالوجی سے علم تک رسائی بڑھائی ہے ۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے ، ترقی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔وفد نے صدر مملکت کو بلوچستان کے تعلیمی شعبے میں کالج کی خدمات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کالج کے فارغ التحصیل سینکڑوں طلبا طب، انجینئرنگ ، سول سروس ، دفاع ، قانون اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔صدر مملکت نے بلوچستان میں تعلیم کے فروغ میں کالج کے کردار کو سراہا۔۔