سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس(میرواعظ)کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ظلم و تشدد کی پالیسی پرمسلسل عمل پیرا ہے ۔
میر واعظ عمر فاروق نے جو گھر میں غیر قانونی طورپرنظربند ہیں سرینگر سے جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ چند دن قبل کشمیری صحافی کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی پر گرفتار کر کے اس پر مجرمانہ ساز کا مقدمہ قائم کردیاگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں صحافیوں کو خوف وہراس کا نشانہ بنانا روز کا معمول بن گیا ہے۔انہوں نے قابض انتظامیہ پر سجاد گل کی فوری رہائی اور گرفتاریوں اور نظربندیوں کے ذریعے کشمیریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ ترک کرنے پرزوردیا۔
انہوں نے جموں میں گجر اوربکروال مسلمانوں کی اپنے گھروں سے جبری بے دخلی پر بھی تشویش ظاہر کی ۔میر واعظ نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کیلئے غیر کشمیری ہندوؤں کو کشمیر کی زمینیں اور املاک خریدنے کیلئے مراعات دی جارہی ہیں۔