کرک(صباح نیوز)ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے پوسٹ گریجویٹ پروگرام ریویو پینل نے خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک کا دورہ کیا تاکہ یونیورسٹی کی طرف سے پیش کیے جانے والے پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے معیار کا جائزہ لیا جا سکے۔خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک میں کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر محمد شاہ دین نے پینل کو یونیورسٹی کے ایم ایس/ایم فل/پی ایچ ڈی کے ضوابط اور متعلقہ قواعد کا جامع جائزہ فراہم کیا۔
انہوں نے پینل کو اعلی تعلیمی معیار برقرار رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے یونیورسٹی کے اقدامات کے بارے میں بتایا انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ پروگرام کو ایچ ای سی کے اعلی ترین معیارات کے تحت چلایا جارہا ہے۔ افتتاحی سیشن میں تمام شعبہ جات کے سربراہان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد زبیر اور خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر نصیر اقبال نے شرکت کی۔ایچ ای سی ٹیم جو کہ اکیڈمیا کے معروف ماہرین پر مشتمل ہے میں بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خٹک، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور، مینیجر کیو ای سی NUML ڈاکٹر عبید اللہ ، اور ایچ ای سی اسلام آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ایجنسی سہیل خان شامل تھے۔
ٹیم نے خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک کی طرف سے پیش کردہ مختلف پروگراموں جیسے ایم ایس اور پی ایچ ڈی مینجمنٹ سائنسز، ایم ایس بائیو انفارمیٹکس، ایم ایس کمپیوٹر سائنس، ایم فل اور پی ایچ ڈی لائبریری اور انفارمیشن سائنس، جبکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی فزکس کی جائزہ لینے کا آغاز کیا۔پینل نے ہر پروگرام کے تعلیمی تقاضوں، نصاب کے ڈھانچے، اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ رہنما خطوط کے مطابق مجموعی معیار کی جانچ کی جسکا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ پروگرام اعلی ترین تعلیمی معیارات پر پورا اترتے ہیں جو تحقیق، اور تدریسی معیار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن پوسٹ گریجویٹ پروگرام ریویو پینل نے خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کی طرف سے جانچ کے پورے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے اور ایچ ای سی پینل کو تعاون فراہم کرنے کی تعریف کی۔ یونیورسٹی کی مسلسل بہتری کے لیے اعادہ اور معیاری اعلی تعلیم فراہم کرنے کے لیے اس کی کوششیں اس دورے کے دوران واضح تھیں ۔