پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کی مضبوطی کیلئے جامع حکمت تشکیل دی ہے،ڈاکٹرندیم خان


 اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کی مضبوطی کیلئے جامع حکمت تشکیل دی ہے تاکہ بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کیا جاسکے، پرائمری ہیلتھ کیئر سنٹر کی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں اور ذاتی طور پر اس کی نگرانی کر رہا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر شاہ اللہ دِتہ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں موجود مریضوں سے ان کو فراہم کی جانے والی سہولیات اورعلاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا۔وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج ہمارا ترجیحی ایجنڈا ہے، 500 بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ایک انقلابی تاریخی منصوبہ ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔