اسلام آباد(صباح نیوز)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک میں اعلی تعلیم کو عصر حاضر کے تقاضوں اور معیشت کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور تکنیکی اور سائنسی مضامین میں وظائف متعارف کرانے، بیرون ملک زیر تربیت پاکستانی طلبا کو وظائف کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے ، تحقیق کیلئے فنڈزفراہمی کیلئے حکمت عملی تشکیل دینے اور تربیت یافتہ افرادی قوت بالخصوص نرسنگ کے شعبہ میں تربیتی استعداد بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پاکستان میں اعلی تعلیم کی صورتحال، طلبا کے لئے وظائف، ملک کی جامعات کی صورتحال اور دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزیراعظم کو ملکی تعلیمی شعبے کے موجودہ اعشاریوں کے بارے میں بتایا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اس وقت ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تسلیم شدہ 259 اعلی تعلیمی ادارے ہیں۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ برسوں میں پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی جامعات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
اجلاس میں ملک کے تعلیمی شعبے میں پلیجرزم کے سد باب کے لئے تشکیل شدہ حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قیام سے لے کر اب تک پی ایچ ڈی کے 20ہزار سے زائد وظائف فراہم کئے جا چکے ہیں۔وزیراعظم کو اجلاس میں قومی اور بین الاقوامی وظائف کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے ملک میں عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تکنیکی اور سائنسی مضامین میں وظائف کی ترویج کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سرکاری وظائف کے ذریعے آنے والے نتائج کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے بیرون ملک زیر تربیت پاکستانی طلبا کے وظائف کی رقوم کے اجرا میں آنے والی رکاوٹوں کے سد باب کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے انسانی اور تکنیکی وسائل کی ترقی کے لئے ہمیں ملک میں سائنس اور انجینئرنگ جیسے مضامین میں وظائف کو فروغ دینا ہوگا۔ وزیراعظم کو اکادمیہ اور ملکی صنعت کے مابین اشتراک کے لئے تشکیل شدہ حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو آئی ٹی اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری سے تحقیق کی فنڈنگ کروانے کی حکمت عملی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے صوبوں میں تعلیمی شعبے کے مالی مسائل حل کرنے کے حوالے سے تمام صوبائی حکام کا اجلاس منعقد کرانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے عوام میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم مہیا کرنا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ملک میں ہنر مند افرادی قوت بالخصوص نرسوں کے لئے تربیتی پروگرام تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری افرادی قوت ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہے اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے ذریعے ہم عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔اجلاس میں وزیراعظم کو آئی ٹی کے شعبے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے لئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ ان اقدامات میں لاہور اور کراچی میں جدید ڈیٹا سینٹر کا قیام، جدید ترین سپر کمپیوٹرز کا استعمال اور دیگر پروگرام سر فہرست ہیں۔اجلاس میں نگراں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن، سیکرٹری ایجوکیشن اور دیگر اعلی افسران شریک تھے۔۔