خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ اعظم خان انتقال کر گئے ۔نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کو گزشتہ روز طبیعت ناساز ہونے پر نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے،خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کے اراکین اور اعظم خان کی فیملی کے ارکان ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔ترجمان آر ایم آئی ہسپتال کے مطابق اعظم خان کی طبیعت تشویشناک تھی، اعظم خان کو آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا،نماز جنازہ چارسدہ میں اداکی جائیگی ۔یاد رہے کہ اعظم خان نے 21 جنوری 2023 کو خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلی کا حلف اٹھایا تھا۔
قبل ازیں اعظم خان نے ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے فرائض سر انجام دیئے، انہوں نے 24 اکتوبر 2007 سے یکم اپریل 2008 تک بطور وزیر خزانہ خیبرپختونخوا خدمات سر انجام دیں۔اعظم خان جنوری 1997 سے 6 جون 2007 تک یو این ڈی پی کے پروگرام تخفیف غربت کے ایڈوائزر بھی رہے جبکہ وہ 2018 کے نگران سیٹ اپ میں وفاقی وزیر داخلہ بھی تھے۔ ا عظم خان نے پشاور یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی، جس کے بعد وہ بار ایٹ لا کی ڈگری مکمل کرنے کے لئے لندن میں بھی زیرِ تعلیم رہے۔ وہ سابق انسپکٹر جنرل پولیس محمد عباس خان کے بھائی تھے،اس کے علاوہ سابق ایم پی اے تاج محمد خانزادہ، گوہر ایوب اور عمر ایوب بھی ان کے قریبی رشتے دار ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگرا ن وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں صدر مملکت نے نگراں وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔انہوں نیکہا کہ مرحوم اعظم خان کے ساتھ ملاقاتوں میں انہیں ایک شریف النفس انسان پایا ۔صدر مملکت نے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اورصبر جمیل کی دعا کی۔صدر مملکت نے مرحوم اعظم خان کیلئے دعائے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا بھی کی۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اعظم خان کے انتقال کی تکلیف دہ خبر ملی، وہ یقینا ایک ایماندار اور نیک انسان تھے، اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ اللہ تعالی اعظم خان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل و عیال کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اعظم خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت کرے، لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں۔
چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے جاری بیان میں چئیرمین سینیٹ نے مرحوم محمد اعظم خان کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی ۔
چئیرمین سینیٹ نے مرحوم کی سیاسی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹ میں قائدایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹر شہزاد وسیم نے بھی محمد اعظم خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات کی دعا کی ہے
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال پر تعزیتی کیا ہے ۔ہفتہ کو جاری بیان میں سپیکر نے مرحوم اعظم خان کے صوبے کی عوام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر انہیں خراج تحسین کیا اورکہاکہ اعظم خان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔سپیکر نے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اورکہاکہ دکھ کی گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم اور صدمے میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا بھی کی۔
تعزیتی پیغام میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اور صوبے کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، اعظم خان کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، مرحوم اعظم خان شریف النفس اور شائستہ انسان تھے ۔
انہوں نے کہا کہ بطور نگران وزیراعلی انہوں نے پیشہ وارانہ امور میں ہمیشہ مدد کی۔آزادیِ اظہار، صحافیوں کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے جب بھی میں نے ان سے رابطہ کیا، انہوں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا اور ہر ممکن مدد کی۔اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ مرحوم اعظم خان نے اہم ترین انتظامی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھایا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم اعظم خان کے عوام کی خدمت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کے بلندی درجات اور لواحقین کے صبر و جمیل کیلئے دعا گو ہوں۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے بھی نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال پر اظہار تعزیت و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان نے خیبرپختونخوا کے حکومتی انتظامی امور کو بہتر طور پر نبھایا،
ہفتہ کو اپنے تعزیتی بیان میں میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال پر دلی دکھ ہوا ،اعظم خان ایک باصلاحیت ایڈمنسٹریٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے اور مخلص انسان تھے ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر و جمیل کے لئے دعا گو ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان کی ناگہانی وفات پر نہایت دکھ کا اظہار کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم اور صدمے کے ان لمحات میں مرحوم وزیراعلی کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔