جاپان میں سمندر کے اندر آتش فشاں پھٹنے سے ایک نیا جزیرہ بن گیا


ٹوکیو(صباح نیوز)جاپان میں سمندر کے اندر آتش فشاں پھٹنے سے ایک نیا جزیرہ بن گیا۔

غیرملکی  خبررساں ادارے کے مطابق ٹوکیو سے 12 سو کلومیٹر دور جنوب کی جانب زیر سمندر تین ہفتے قبل ایک آتش فشاں پھٹا تھا جس کے باعث اب ایک جزیرہ نمودار ہوا ہے۔

حکام کی جانب سے آئوٹو جزیرے کے قریب نمودار ہونے والے اس نئے جزیرے کی تصاویر اور ویڈیو جاری کردی گئیں۔جاپان کی میٹرولوجیکل ایجنسی نے کہا کہ اس جزیرے کا قطر تقریباً 100 میٹر ہے اور یہ سمندر سے 20 میٹر کی بلندی پر ہے۔

حکام نے کہا کہ حالیہ کچھ برسوں سے جزیرے کے قریب آتش فشاں پھٹنے کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا لیکن اس کے نتیجے میں ایک نئے جزیرے کی تشکیل ایک اہم پیش رفت ہے۔

ماہرین نے کہا کہ یہ جزیرہ زیادہ دیر تک اپنی حیثیت برقرار نہیں رکھ پائے گا۔