بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے،حریت کانفرنس


سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ  بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بے گناہ لوگ جنگ کے سائے میں جہنم جیسی زندگی گزار رہے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کی آڑ میںتمام انسانی اقدار، بین الاقوامی قوانین اور عالمی برادری کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور ایک سامراجی طاقت اور دہشت گرد ریاست کے طور پر برتاو کر رہا ہے۔

انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری قتل وغارت، دوران حراست گمشدگیوں، غیرقانونی گرفتاریوں، تشدد اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری نے صحافی سجاد گل کو گرفتار کرنے اور لندن میں مقیم کشمیری رہنما مزمل ایوب ٹھاکر کے خلاف جھوٹامقدمہ درج کرنے پر قابض حکام کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کو جدوجہد آزادی سے دستبردارہونے پر مجبورنہیں کیاجا سکتا اور وہ مکمل کامیابی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مولوی بشیر احمد عرفانی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور ریڈ کراس سمیت انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں۔ انہوں نے عالمی امن کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے جلد حل پر زور دیا۔