کرپشن کیس، بشریٰ بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ، سابق ایم پی اے نعیم ابراہیم اور سلیم صادق کے گھروں پر چھاپے


لاہور(صباح نیوز) اینٹی کرپشن پنجاب نے کرپشن کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بھائی احمد مجتبی، سابق ایم پی اے نعیم ابراہیم اور سیاسی رہنما سلیم صادق کے گھروں پر چھاپے مارے، تاہم کوئی گرفتار عمل میں نہیں آئی۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ وٹو کی گرفتاری کیلئے انکی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا تاہم گھر پر موجود نہیں تھے۔ بشریٰ بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ وٹو پر ترقیاتی کاموں میں 2 کروڑ 49 لاکھ سے زائد کے غبن کا الزام ہے۔

دوسری طرف تحریک انصاف کے سابق اراکین اسمبلی رائے حسن نواز ،رائے مرتضیٰ اقبال کی رہائشگاہوں پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ رائے حسن نواز،مرتضیٰ اقبال پر فیس ادا کئے بغیر کمرشل تعمیرات بنانے کا الزام ہے۔

پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے نعیم ابراہیم اور سلیم صادق کی رہائشگاہوں پر بھی چھاپے مارے گئے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔