لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے کفالت یتامی پروگرام کے تحت پیشنٹ بینوولنٹ سوسائٹی (PBS) شیخ زید ہسپتال کے تعاون سے شیخ زید میڈیکل کمپلیکس میں یتیم بچوں کے لئے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت رجسٹرڈ لاہور کے 1500 سے زائد یتیم بچوں کا مکمل چیک اپ کیا گیا اور ادویات فراہم کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ الخدمت ڈائیگناسٹک سنٹر کی جانب سے بچوں اور ان کی ماوں کے ہیپاٹائٹس بی اور سی کے ٹیسٹ بھی کئے گئے۔
میڈیکل کیمپ میں صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، الخدمت وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے چئیرمین ڈاکٹر زاہد لطیف، چیئرپرسن پی بی ایس پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ شہزاد، بانی اور صدر پی بی ایس ڈاکٹر شاہد اقبال سمیت 200 ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور مختلف جامعات سے 100 سے زائد الخدمت رضاکاران نے خدمات سرانجام دیں۔ اس کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی کیمپ کا دورہ کیا۔
کیمپ میں بچوں کی تفریح کے لئے فیس پینٹنگ، مہندی، ٹیبلوز، پپٹ شو، میجک شو اور جھولوں کے علاوہ بچوں اور ان کے سرپرستوں کے لئے کھانے کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن آرفن کیئر پروگرام کے تحت ملک بھر کے 28 ہزار سے زائد یتیم بچوں کو تعلیم، خوراک، تربیت اور ذہنی و جسمانی نشوونما کے بہترین مواقعے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صحت کا بھی خصوصی خیال رکھا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لئے سال میں دو مرتبہ خصوصی میڈیکل کیمپس لگائے جاتے ہیں جن میں ان کا مکمل مفت طبی معائنہ کیا جاتا ہے اور ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ شہزاد نے کہا کہ پیشنٹ بینولنٹ سوسائٹی اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان یتیم بچوں کے لئے الخدمت کے ساتھ میدان عمل میں کوشاں ہے۔ ان کیمپس کے ذریعے بچوں کی مکمل ہیلتھ سکریننگ کی جاتی ہے تا کہ کسی بھی بیماری کی صورت میں انھیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔