بلوچستان، وڈھ میں بدامنی کیخلاف بی این پی کی کال پر بچوں کا احتجاج


دالبندین(صباح نیوز)بلوچستان کے علاقے وڈھ میں بدامنی کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کی کال پرمعصوم بچوں نے پریس کلب دالبندین کے سامنے احتجاج کیا۔

بلوچستان کے علاقے وڈھ میں منظم سازش کے تحت صوبے کی سب سے بڑی قومی پارٹی بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کا سیاسی راستہ روکنے اور انہیں قبائلی رنجشوں میں جکڑ دیا ہے۔

منظم سازش کے تحت دو مہینے سے علاقے میں جنگ کا ماحول پیدا کرکے قومی شاہراہ پر مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کرا کر کئی افراد کو شہید کیا گیا ۔اب سردار اختر جان مینگل کے خلاف آپریشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس کے خلاف بی این پی کے زیر اہتمام دالبندین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں بچے بچیاں شامل تھے۔

مظاہرین نے کہا کہ وڈھ مسئلہ سیاسی ہے اور پرامن طریقے سے حل کیا جائے طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں اس سے بلوچستان کے حالات مزید خراب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ سردار اخترجان مینگل کا قصور صرف یہی ہے کہ وہ بلوچستان کے مظلوم عوام کی حقوق کے لیے موثر انداز میں آواز بلند کررہی ہے جس پر مقتدرہ قوتیں نا خوش ہوکر ان کے خلاف سازش کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا کیونکہ سردار اخترجان مینگل ایک مخلص لیڈر ہے اور عوام ان کے ساتھ ہے اور عوامی قوت سے تمام سازشیں ناکام بنا دیں گے۔