راولپنڈی(صباح نیوز)الخدمت الفلاح سکالر شپ پروگرام کے 25 سال مکمل ہونے پر کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم،نائب صدور الخدمت فاؤنڈیشن محمد عبدالشکور، ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری،نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران بلوچ،ریجنل صدر اکرام الحق سبحانی نے خطاب کیا۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ تعلیم کا حصول ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان میں دو کروڑ 30 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔ خاص طور پر ہائیر ایجوکیشن میں طلبا کو وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑ نا پڑتی ہے۔ایسے میں الخدمت الفلاح سکالر شپ جیسے پروگرام ہونہار طلبہ و طالبات کے لئے امید کی ایک کرن ہے۔
محمد عبد الشکور نے کہا کہ الفلاح سکالر شپ الخدمت فاؤنڈیشن کے شعبہ تعلیم کاہی ایک حصہ ہے۔جس کے تحت گزشتہ 25 سال سے مالی دشواریوں کا شکار ہزاروں ذہین طلبہ وطالبات کو حصول تعلیم میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ذہین اور مالی مشکلات کے شکار طلبہ و طالبات کا میرٹ پر انتخاب کیا جاتا ہے اور پھر انہیں ہائر ایجوکیشن کے لئے وظائف فراہم کئے جاتے ہیں۔اس وقت الخدمت الفلاح سکالر شپ کے تحت وطن عزیز کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات کو اعلی تعلیم کے حصول کے لئے بلاتفریق رنگ و نسل، مذہب و ذات اور سیاسی وابستگی تعلیمی وظائف کی فراہم کیے جارہے ہیں۔اب تک جن سکالرز نے الخدمت الفلاح سکالرشپ کی مدد سے اپنی تعلیم مکمل کی ان میں 710ڈاکٹرز،604انجینئرز، 1150بی ایس آنرز/ماسٹرز، 256ایسوسی ایٹ انجینئرنگ،528گریجوایشن اور2021انٹرمیڈیٹ کے طلبہ و طالبات شامل ہیں۔جبکہ مجموعی طور پر 5269ذہین اور ہونہار طلبہ وطالبات کو تعلیم مکمل کرنے کے لیے 43 کروڑ 69 لاکھ روپے کے وظائف فراہم کئے گئے۔
امیر العظیم نے کنونشن میں شریک طلبہ وطالبات کو سکالرشپ لینے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ الفلاح سکالرشپ سے مستفید سکالرز پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مستقبل میں ان لوگوں کو سپورٹ کریں جو دادرسی کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اِن بچوں کی ہی نہیں بلکہ ان کے خاندان اور معاشرے کی بھی خدمت ہے جو پڑھ لکھ کر ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔اکرام الحق سبحانی نے کہا کہ الخدمت الفلاح ا سکالرزکومستقبل میں اپنے کیریئر کے انتخاب کے حوالے سے رہنمائی کے لئے مانیٹرنگ، کوچنگ اور کیر ئیر کونسلنگ سیمینار کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر احمد جبران بلوچ نے کہا کہ کنونشن کا مقصدجہاں ایک طرف ان طلبہ کو حوصلہ دینے اور ان کو نئی منزلوں کے خواب دکھانا ہوتاہے وہیں مخیر حضرات کو پاکستان کے ہونہار مگر مالی مشکلات سے دوچار طلبا و طالبات کو سپانسر کرنے کے لئے توجہ دلانا بھی مقصود ہوتا ہے۔اس کے علاوہ اپنے نصب العین کے مطابق الخدمت الفلاح سکالر شپ اپنے غیر مسلم پاکستانی بھائیوں کے ساتھ بھی مکمل تعاون کر رہی ہے۔ تقریب میں سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے الخدمت فاؤنڈیشن اور الفلاح سکالر شپ سکیم کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت ان کے لئے تعلیم جاری رکھنا ممکن ہوااور خاص طور پر انہوں نے الخدمت کے رضاکار کے طور پر اپنے آپ کو پیش کرنے کا عزم کیا۔تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا اور نئے سکالر شپ ہولڈرز کو سکالر شپ سرٹیفیکیٹ فراہم کئے گئے۔ اس کے علاوہ کنونشن میں شریک طلبہ و طالبات سے اعلی تعلیم کے حصول اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے حلف بھی لیا گیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض شعیب ہاشمی اور علی ارسلان نے ادا کیے۔