امت کے تمام مسائل کا حل قرآن وسنت کے نفاذ میں مضمر ہے،لیاقت بلوچ

 کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی وسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امت کے تمام مسائل کا حل قرآن وسنت کے نفاذ میں مضمر ہے، نبی کریمۖ کی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے معاشرہ انارکی وبدامنی کا شکار ہے کسی کی بھی جان ومال اور عزت آبرو محفوظ نہیں ہے، ماہ ربیع الاول ایک بابرکت نبی مہربان کی آمد کا مہینہ ہے،ہر عاشق رسول کے لیے ناگزیر ہے کہ وہ خود اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی اور اس کے پیغام کو عام کرکے دنیا وآخرت کی کامیابی حاصل کرے، ہمارا ایمان ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم آخری نبی ہیں جو بھی اب نبوت کا دعویٰ کرے وہ مکار،جھوٹا اور خائن ہے، اللہ کی بندگی، محمد کی اطاعت اور انسانوں کی خدمت ہی دراصل قرآن کریم کی پوری دعوت کا نچوڑ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت تحصیل مقام ٹھل کے مقامی ہال میں منعقدہ رحمت للعالمین کانفرنس سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں کانفرنس سے صوبائی امیر محمد حسین محنتی، نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز، نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی، ممتاز عالم دین مولانا رفیع الدین چنا، امیر ضلع حاجی دیدار علی لاشاری اور مقامی امیر امداد اللہ بجارانی نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ ملک میں 73کا آئین پاکستان بن گیا تو پوری قوم نے اتفاق کیا مگر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کیلئے کوئی تیار نہیں ہے،جس میں طے ہوگیا کہ پاکستان میں قرآن وسنت بالادست قانون ہوگا جس کے تحت بشمول اقلیت تمام انسانوں کی جان ومال عزت وآبرو کو تحفظ حاصل ہوگا۔اسلام اللہ کے دین کا ایک نمائندہ ذریعہ بن چکا ہے اور پوری طاقت سے دنیا میں پھیل رہا ہے، دنیا کی کوئی طاقت اس کو نہیں روک سکتی، ماہ ربیع الاول آپ کی آمد کا مہینہ ہے آج ہم سوچیں کہ ہماری اولادیں کس سمت میں بڑھ رہی ہیں، ہماری تہذیب، ہمارا اخلاق، ہماری قدریں کمزور پڑچکی ہیں ہمیں اپنے گھر کی فکر کرنے کی ضرورت ہے یہ سب کچھ اس لئے ہے کہ ہم قرآن وسنت کو بھلاچکے ہیں، ہم طے کرلیں کہ ہم سودی قرضوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ اپنی قوم، اپنے جوانوں، اپنی خواتین اور اپنے ہنرمندوں کی طاقت سے پاکستان کو ایک مثالی مملکت بنائیں گے، جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جماعت کے پیغام کو لوگوں تک پہنچائیں ان شااللہ جماعت اسلامی پاکستان کو بحرانوں سے نجات دلائے گی، حقدار کو اپنا حق اور عدل کا نظام قائم ہوگا۔