اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد نے محمد احمد کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر مملکت نے ملکی ترقی کیلئے تجارتی سرگرمیاں اور برآمدات کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے اور آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت کو ملکی معیشت اور برآمدات میں اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔وفد نے صدر مملکت کو اسلام آباد کے صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے ملکی معیشت اور برآمدات میں اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے کردار کی تعریف کی۔