راولپنڈی، مزید 42افراد میں ڈینگی کی تصدیق


راولپنڈی (صباح نیوز) راولپنڈی میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 42 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی وائرس سے متاثرہ 11 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ رواں سیزن ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1046 تک پہنچ گئی ہے۔ہولی فیملی اسپتال میں ڈینگی کے 46، ڈی ایچ کیو میں 34 اور بینظیر بھٹو اسپتال میں 29 مریض موجود ہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 45 مقدمات درج جبکہ 2 عمارتیں سیل کر دی گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پرچالان جبکہ 1 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

مجموعی طور پر اب تک 3290 مقدمات درج جبکہ 552 عمارتیں سیل کی گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق رواں سال اب تک کل 967 چالان اور 54 لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔