لندن(صباح نیوز)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے برطانیہ کے معروف تاجر اور بوہو گروپ کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین عبداللہ کمانی نے لندن میں ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران عبداللہ کمانی نے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تجارتی تعلقات قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ملک میں کپاس سے ملبوسات کی پیداوار تک کی ایک جامع سپلائی چین بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔انہوں نے پاکستان سے بڑھتی ہوئی درآمدات کو آسان بنانے کیلئے پاکستان اور برطانیہ کے فضائی رابطوں میں بہتری کی بھی توقع ظاہر کی۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے پاکستان کے عزم سے آگاہ کیا اور ملک میں خاص طور پر خصوصی اقتصادی زونز کے اندر میں مینوفیکچرنگ سہولیات کے قیام میں تعاون کی پیشکش کی۔نگراں وزیراعظم نے بوہو گروپ کو پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلئے گروپ کا وفد پاکستان بھیجنے کی دعوت دی۔
ملاقات کو پاکستان اور بوہو گروپ کے درمیان اقتصادی تعاون اور تجارت کو بڑھانے کی جانب سے ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔ بوہو گروپ برطانیہ کا معروف آن لائن فیشن ریٹیلر گروپ ہے جس کی سالانہ سیل ایک ارب پائونڈ سے زیادہ ہے ، ان کے مقبول برانڈز میں بوہو مین، پریٹی لٹل تھنگ، مس پاپ ،کیرن ملن ، کوسٹ، اوسس اور ڈیبن ہیمس شامل ہیں۔۔