نیویارک (صباح نیوز)نگراںوزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے امریکی کاروباری اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں،حکومت پاکستان نے زراعت، آئی ٹی، معدنیات، قابل تجدید توانائی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی ہے۔
وزارت خارجہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ میں امریکی کاروباری رہنماؤں کے وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران عالمی کاروباری اور صنعتی برادری کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
نگراں وزیر خارجہ نے حالیہ برسوں میں شدید چیلنجوں کے باوجود پاکستانی مارکیٹ کی لچک کو اجاگر کیا۔ان چیلنجوں میں کووڈ 19 ، گزشتہ سال تباہ کن سیلاب اور عالمی سپلائی چین بحران شامل ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے استحکام کے حوالے سے اقدام قوم کو معاشی بحالی اور ترقی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امریکی کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ ملک میں جاری تبدیلی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے منفرد مواقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے، زراعت، آئی ٹی ، معدنیات اور کانکنی ، قابل تجدید توانائی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ان شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے محفوظ سرمایہ کاری کا ماحول فراہم کرنے ، قانونی تحفظ اور منافع کی واپسی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پاکستان پر عزم ہے۔۔