ایک لمبے عرصے کے بعد فل کورٹ کا اجلاس ہونا مثبت قدم ہے،راشد نسیم

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے مختلف وفود سے ملاقات اور تربیتی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے  کہ نئے چیف جسٹس نے اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا ہے، پہلے ہی دن عدلیہ کی کارروائی ٹی وی پر براہ راست چلا کر قوم کو اچھا تاثردیا ہے۔ ایک لمبے عرصے کے بعد فل کورٹ کا اجلاس ہونا مثبت قدم ہے۔ قوم امید رکھتی ہے کہ نئے چیف جسٹس پاکستان کو ایسے رخ پر ڈال دیں گے جس کی اسے ضرورت ہے، ان کی کوشش اور کاوش سے عالمی سطح پر عدلیہ کی رینکنگ میں بہتری آئی تو یہ بڑی کامیابی تصور ہو گی، 57ہزار سے زائد زیر التوا کیسز 20فیصد بھی حل ہو جائیں تو یہ احسن اقدام ہو گا۔ عدلیہ کا اصل کام فیصلوں کے ذریعے ملک کی عزت و وقار بحال کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے لیے عدلیہ میں گروپنگ کے تاثر کو ختم کرنا بڑا چیلنج ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیم بنانا عدالتوں کا کام نہیں ہے، جج اپنے فیصلوں میں نظر آتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جن ممالک میں عدلیہ مضبوط ہے وہاں معاشرے مضبوط اور ترقی یافتہ ہیں۔