اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان گرین فریم ورک انگیجمنٹ پر عملدرآمد شروع کرنے کے لئے وزارت خارجہ نے جمعرات کو مشترکہ کمیٹی کے پہلے (افتتاحی)اجلاس کی میزبانی کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی طرف سے اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری(یو این اینڈ ای ڈی)سفیر سید حیدر شاہ نے کی۔ڈنمارک کی جانب سے اسلام آباد میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف نے اپنے وفد کی قیادت کی۔ مشترکہ کمیٹی میں پاکستان کی متعلقہ تکنیکی وزارتوں اور محکموں بشمول صوبائی سطح کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
دونوں اطراف نے گرین فریم ورک انگیجمنٹ کا خیرمقدم کیا اور اسے عملی تعاون خاص طور پر توانائی کی کارکردگی کے شعبوں، گرین ٹرانزیشن اور موسمیاتی تبدیلی کی تخفیف اور موافقت میں تبدیل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کا عزم کیا۔پاکستان اور ڈنمارک نے سبز اور پائیدار ترقی کے شعبے میں تعاون کو گہرا کرنے کے لئے اگست 2022 میں گرین فریم ورک انگیجمنٹ پر دستخط کئے تھے جس کے بعد جون 2023 میں ایک مشترکہ ایکشن پلان کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ اس فریم ورک اور ایکشن پلان پر عملدرآمد سے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے پاکستان کی کوششوں میں بھی مدد ملے گی۔۔