جنیوا+اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار کی قیادت میں سینیٹ آف پاکستان کا وفد بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو)کی دعوت پر جنیوا کے دورے پر ہے۔ وفدکے ارکان میںسینیٹر اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سید مظفر حسین شاہ اور سینیٹر کامران مرتضی شامل ہیں ۔وفد نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے پبلک فورم میں شرکت کی ۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اپنے دورے کے دوران، وفد نے تجارت اور ترقی پر اقوام متحدہ کی کانفرنس (UNCTAD) کے سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، جہاں پہنچنے پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جناب پیڈرو مینوئل مورینو نے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات میں عالمی ترقی کے چیلنجوں کے پیش نظر تجارت اور ترقی پر اقوام متحدہ کی کانفرنس کے تعاون، تکنیکی مدد اور پالیسی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ رابطہ کاری پر تفصیلی غور کیا گیا۔ مزید برآں، سینیٹ آف پاکستان کے وفد نے ورلڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن ہیڈ کوارٹرز میں ان کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر ڈیرن تانگ سے اہم ملاقات کی۔ ڈی جی تانگ نے وفد کو ترقی اور ترقی کے لیے انٹلیکچوئل پراپرٹی کو فروغ دینے میں ادارے کے اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا اور مقامی پروڈیوسرز کے تحفظ اور اختراع کو فروغ دینے کے لیے ادارہWIPO کے پاکستان کے ساتھ تعاون پر زور دیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے ان اداروں کے تعاون کی تعریف کی اور تجارت، اختراعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ وفد کا دورہ جنیوا میں اہم بین الاقوامی اداروں کے دیگر اعلی سطح کے عہدیداروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے پاکستان کی عالمی شراکت داری کو تقویت ملے گی۔