نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹرشمشاداختراور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی کے درمیان ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور سعودی عرب نیعلاقائی استحکام اور خوشحالی کیلئے باہمی اقتصادی شراکت داری کی خواہش کااعادہ کیا ہے۔یہ بات نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹرشمشاداختراور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی کے درمیان ملاقات کے بعد جاری پریس ریلیز میں کہی گئی ہے۔

نگراں وزیر خزانہ نے سعودی سفیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو سراہا۔انہوں نے سعودی سفیر کو معاشی خوشحالی کیلئے پالیسیوں کے تسلسل سے آگاہ کیا ۔سعودی سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہے اورپاکستان کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے گا۔ملاقات میں فریقین نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کیلئے باہمی اقتصادی شراکت داری کی خواہش کا اظہار کیا۔ملاقات میں باہمی اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ نگراں وزیر خزانہ نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔