سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی کاوشوں سے گرلز کالج منگھوٹ کی طالبات کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا،

اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی کاوشوں سے گرلز کالج منگھوٹ کی طالبات  کے سفری مشکلات کو ختم کرنے کیلئے بس سروس کی فراہمی کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا گیا۔ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار وویمن، منگھوٹ کی طالبات کی سفری مشکلات کو دور کرنے کے لیے بسیں اور ہائی ایس وین  فراہم کر دی گئیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف  2ستمبر بروز ہفتہ گرلز کالج منگھوٹ میں طالبات کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے  بس سروس کا افتتاح کریں گے۔یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 30 مئی 2023 کو گرلز کالج منگھوٹ کا دورہ کیا تھا اور طالبات  کو درپیش سفری مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔اسپیکر نے گرلز کالج منگھوٹ  کی طلبات کو درپیش سفری مشکلات کا معاملہ سابق وزیراعظم  میاں محمد شہباز شریف کے سامنے اٹھایا جس پر انہوں  نے متعلقہ حکام کو گرلز کالج منگھوٹ کو فوری طور پر بسیں  فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ان بسوں کی فراہمی سے دور دراز سے آنے والی طالبات  کو درپیش سفری مشکلات حل ہوں گی اور وہ پہلے سے زیادہ  دل جمعی سے اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گی اور جو طالبات سفری سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم جاری نہیں رکھ سکتی تھیں امید ہے کہ وہ بھی اپنی   تعلیم  مکمل کر سکیں گی،اسپیکر کے اس احسن اقدام  پر اہل علاقہ ، طالبات اور ان کے والدین کی طرف سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے اور گجر خان اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ اور علاقہ کی ترقی کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی کاوشوں کو سراہا ہے۔