لاہور(صباح نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر خاندان کو صحت کارڈ فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کا نادرا میں اندراج ہونا ضروری ہے اور نادرا میں رجسٹر ہوئے بغیر صحت کارڈ نہیں ملے گا جبکہ پنجاب میں ہیلتھ کارڈ کا اجرا تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر خاندان کو صحت کارڈ فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے اور صحت کارڈ کے لیے نادرا کے دفاتر سے رابطہ کیا جائے جبکہ جن افراد کے بچے ہیں وہ اپنے بچوں کا ضرور فارم ب بنوائیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ سہولت کے لیے ہم نے ایپ بنائی ہے اور اس ایپ کے ذریعے لوگوں کو تمام معلومات مل سکیں گی اور اگر کسی فرد کا شناختی کارڈ نہیں بنا تو وہ لازمی بنوالیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ ہر بندے کو نہیں بلکہ گھر کے سربراہ کو ملے گا اور ہر ضلع میں صحت کارڈ کی سہولت کا ایک ڈیسک بنایا گیا ۔ صحت کارڈ امیر و غریب ہر شخص کے لیے ضروری ہے۔ صحت کارڈ پوری فیملی کے لیے ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ اس کو ملے گا جس کے پاس شناختی کارڈ ہو گا جبکہ محکمہ صحت رواں سال 25 ہزار ملازمتوں کا اعلان کر رہا ہے، گذشتہ سال پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔