لیگی رکن اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ، شہباز شریف اور مریم کی مذمت


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور مرکزی نائب صدر مریم نواز نے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔شہبازشریف نے بلال یاسین سے فون پر رابطہ کرکے بات کی ہے۔

شہبازشریف کا بلال یاسین سے گفتگو میں کہنا تھاکہ اللہ کا شکر اداکرتے ہیں کہ آپ کی زندگی محفوظ رہی۔اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ بلال یاسین پر فائرنگ دہشت گردی ہے، مجرموں کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔انہوں نے پارٹی کارکنان اور قوم سے اپیل کی کہ بلال یاسین کی زندگی اور صحت کیلئے دعا کریں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی رکن پنجاب اسمبلی پر حملے کی مذمت کی۔اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ رکن پنجاب اسمبلی اور نواز شریف کے باوفا ساتھی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ ہوا، ان کے پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگیں لیکن اللہ نے بچا لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود حالت خطرے سے باہر ہے۔انہوں نے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اللہ انھیں جلد اور مکمل شفا عطا فرمائے، سب سے دعا کی اپیل ہے۔خیال رہے کہ لاہور کے موہنی روڈ پر موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔بلال یاسین کو زخمی حالت میں میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بلال یاسین کو پیٹ میں دو گولیاں اور ٹانگ میں ایک گولی لگی ہے

شدید زخمی ہونے کے باوجود بلال یاسین کی حالت خطرہ سے باہر ہے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کی صحت سے متعلق بتاتے ہوئے کہا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود بلال یاسین کی حالت خطرہ سے باہر ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی اور نواز شریف کے باوفا ساتھی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔ ان کے  پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگی ہیں لیکن اللہ نے بچا لیا۔

مریم نواز کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود  بلال یاسین کی حالت خطرہ سے باہر ہے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اللہ انھیں جلد اور مکمل شفا عطا فرمائے۔ سب سے دعا کی درخواست ہے