منی بجٹ مہنگائی سے پسی ہوئی عوام پر بدترین ظلم ہے ۔شجاع الدین شیخ


لاہور( صباح نیوز)تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ منی بجٹ مہنگائی سے پسی ہوئی عوام پربدترین ظلم ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ غریب عوام کی بنیادی اشیاء ضرورت کو دنیا بھر میں اکثر ٹیکس وغیرہ سے زیادہ سے زیادہ استثنیٰ دیا جاتاہے تاکہ وہ جان اور جسم کا رشتہ برقرار رکھ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی گاڑیوں ، لگژری اشیاء اور میک اپ کے سامان پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن دودھ ، ماچس ، بیکری ، ادویات اور سائیکلوں وغیرہ پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنا مہنگائی سے چیختی قوم پر کوڑا برسانے کے مترادف ہے ۔

اُنہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ مہنگائی کی وجہ سے حکومت کی مقبولیت پہلے ہی بڑی بری طرح متاثر ہوچکی ہے ۔ اس میں مزید اضافہ عوام میں اضطراب پیدا کردے گا جس سے ملک میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے ۔  انہوںنے کہا کہ حکومت کو یہ فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ معیشت کی بدحالی ریاست کی سلامتی پر سوال کھڑا کر دیتی ہے ۔ ہر ریاست کا استحکام اُس کی معیشت سے بھی جڑا ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اپوزیشن حکومت پر تنقید کرنے کا پورا حق رکھتی ہے لیکن اپوزیشن کو بھی اپنا  پروگرام دینا چاہیے کہ وہ مہنگائی کو کس طرح ختم یا کم کرے گی۔ درحقیقت ہماری قیادتوں کو اب اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ ہماری نجات اور بقاء کا دارومدار اِس پر ہے کہ ہم عالمی ساہو کاروں اور سودی معیشت سے مکمل طور پر نجات حاصل کریں اور وطن عزیز میں اِسلام کے عادلانہ معاشی نظام کو اُس کی حقیقی روح کے ساتھ نافذ کریں۔