مودی حکومت اپنا ہندوتوا ایجنڈا مقبوضہ علاقے کے عوام پر مسلط کرنے کے درپے ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس


سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ مودی حکومت اپنا ہندوتوا ایجنڈا مقبوضہ علاقے کے عوام پر مسلط کرنے کے درپے ہے ۔

غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جمعہ اورنمازعید کے اجتماعات پر پابندی، جامع مسجدسرینگر اور دیگر تاریخی مساجد کو تالے لگاکرلوگوں کو نماز کی ادائیگی سے روکنا اور مسلمانوں کو ہندو توانعرے لگانے پر مجبور کرنے سے واضح ہوتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو ہندوتوا رنگ میں رنگنا مودی حکومت کا حتمی ہدف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ان تمام بنیادی حقوق سے مسلسل محروم ہیں جن کی ضمانت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر میں دی گئی ہے ، جس پر بھارت نے بھی دستخط کررکھے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظالم مودی دور جدید کا یزید ہے اورکشمیری جو امام حسین کے پیروکار ہیں اپنے خون کے آخری قطرے تک بھارتی ظلم و تشدد کا مقابلہ کریں گے۔ غلام احمد گلزار نے بھارتی حکومت کے دوغلے پن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بھارت نے امرناتھ یاتریوں کی حفاظت کے لیے ہزاروں کی تعداد میں اضافی بھارتی فورسز کو مقبوضہ علاقے میں تعینات کیا ہے جبکہ دوسری طرف کشمیریوں کو نماز ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری ہندو یاترا کے خلاف نہیں ہیں اور انہوں نے ہمیشہ یاتریوں کو سہولت فراہم کی ہے لیکن مودی حکومت اس یاترا کو مقبوضہ علاقے میں اپنے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت ہندو بالادستی کا احساس پیدا کرنے اور کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ ہندوئوں کو مقبوضہ کشمیر لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر ہندو یاترا کے انعقاد اور لاکھوں کی تعداد میں ہندو یاتریوں کی مقبوضہ کشمیر آمد سے نہ صرف ماحولیاتی خطرات پیدا ہو رہے ہیں بلکہ کشمیریوں میں بھی خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔ غلام احمد گلزار نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری مسلمانوں کی مذہبی آزادی کو سلب کرنے کے علاوہ بھارتی ثقافتی جارحیت اور یلغار کے خلاف آواز اٹھانے پر درجنوں علمائے دین کو گرفتار کرلیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کودور جدید کی کربلا میں تبدیل کردیا ہے جہاں نہتے کشمیریوں کو بدترین ظلم و جبر کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر قتل کرنے کے علاوہ گرفتار اوروحشیانہ ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے سامراجی جنگی اقدامات کر رہا ہے۔ شہدائے کربلا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غلام احمد گلزار نے کہا کہ کربلا کا یہ درس ہے کہ ہمیشہ حق کی فتح ہوتی ہے اور باطل مٹ جاتا ہے اور ظالم کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہوں اسے ہمیشہ شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیااور کہاکہ امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کے پیروکار غلامی پر شہادت کو ترجیح دیں گے۔