سال2021،عوام کیلئے تبدیلی سرکار کا مہنگا ترین سال ثابت ہوا، وفاقی ادارہ شماریات


کراچی (صباح نیوز)وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق 2021 عوام کیلئے تبدیلی سرکار کا مہنگا ترین سال ثابت ہوا، رواں سال بیشتر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم، وفاقی وزرا کے بڑے بڑے دعوے، تقریریں، بیانات کچھ کام نہ آیا، تبدیلی سرکار نے عوام کو مہنگائی کی صورت میں ایسے تحفے دیئے کہ ہر سو ایک ہی کہانی مہنگائی مہنگائی اور بس مہنگائی، تاریخی مہنگائی کے باعث عوام حقیقتا شدید ترین گرانی کا شکار رہے، ہر ماہ بڑھتی مہنگائی کی شرح نومبر میں 11.5 فیصد کی سطح پر پہنچی اور یوں ستمبر سب سے زیادہ ستم گر ثابت ہوا، اور اس طرح مہنگائی نے ہی 2021 کو رخصت کر دیا۔

اعدادوشمار کے مطابق فروی 2021 کے دوران مہنگائی کا پارا 8.7 فیصد اور مارچ میں 9.1 فصد تک پہنچ گیا اور پھر اپریل میں شرح سال کی دوسری بلند ترین سطح 11.1 فیصد پر پہنچا، بات یہاں رکی نہیں اور ایک مرتبہ پھر نومبر میں مہنگائی سال کی بلند ترین سطح 11.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں سال کے دوران بیشتر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تبدیلی سرکار کیایک سال کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 210 روپے تک، اڑھائی کلو گھی کا ٹن ایک سال میں ریکارڈ 359 روپے 33 پیسے اور پانچ کلو گھی کا ٹن ایک سال میں 775 روپے مہنگا ہوا، رواں سال چینی اوسط 7 روپے 53 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، رواں سال چینی کی اوسط قیمت 84 سے بڑھ کر 91 روپے 53 پیسے فی کلو ہوگئی، رواں سال چینی کی قیمت 140 روپے فی کلو تک بھی پہنچی ۔

رپورٹ کے مطابق ایک سال میں بجلی چارجز 3 روپے40 پیسے فی یونٹ بڑھ گئے، بجلی چارجز 4.05 روپے سے بڑھ کر 7.45 روپے فی یونٹ ہوگئے،ایک سال میں مٹن 163 روپے68 پیسے، بیف 100 روپے 41 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، رواں سال ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر ایک ہزار 22 روپے87 پیسے مہنگا ہوا۔

اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال تازہ دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے13 پیسے کا اضافہ ہوا، رواں سال تازہ دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے13 پیسے کا اضافہ ہوا، رواں سال دہی کی فی کلو قیمت میں 11 روپے 12 پیسے کا اضافہ ہوا، رواں سال دال مسور 52 روپے86 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، دال چنا کی اوسط قیمت 17 روپے 24 پیسے فی کلو بڑھی، ایک سال میں گڑ 13 روپے 50 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، اسی عرصے میں لہسن 43 روپے 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک سال میں دال ماش 42 روپے 59 پیسے فی کلو سستی ہوئی، دال مونگ 56 روپے 20 پیسے فی کلو سستی ہوئی ،انڈوں کی قیمت میں21 روپے 28 پیسے فی درجن کمی ہوئی، ایک سال میں ٹماٹر 11 روپے 40 پیسے اور پیاز 6 روپے 92 پیسے فی کلو سستے ہوئے،ایک سال میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 40 پیسے کمی ہوئی۔

اعدادوشمار کے مطابق 2021 میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 962 روپے مہنگا ہوا، دسمبر 2020 میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1419 روپے کا تھا جو دسمبر 2021 میں ایل پی جی کا گھریلو سلندر 2345 روپے کا ہوچکا ہے۔