منی بجٹ سے لگنے والے ٹیکسوں سے معیشت سکڑ جائے گی،حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے منی بجٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منی بجٹ سے لگنے والے ٹیکسوں سے کاروبار مزید ختم اور معیشت سکڑ جائے گی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا منی بجٹ لانے کی وجہ گزشتہ حکومتوں کو قرار دینا دماغی خلل کا نتیجہ ہے، 350 ارب کے ٹیکسوں سے سیکڑوں اشیا مہنگی ہوں گی، پیک فوڈ، بجلی، پیٹرول، دالیں، گھی دیگر اشیا منی بجٹ کے باعث مزید مہنگی ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی تجاویز بھی تشویشناک ہیں، تمام معاشی اشاریے بتا رہے ہیں ملک ریت کے پہاڑ کی طرح ڈھے رہا ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ معاشی غلامی اختیار کر کے سکیورٹی پالیسی پر بغلیں بجاناحکومت کی کوتاہ اندیشی کی مثال ہے، منی بجٹ سے لگنے والے ٹیکسوں سے کاروبار مزید ختم اور معیشت سکڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ نہیں لاکھوں افراد کو بیروزگار کرنے کا منصوبہ ہے، حکومت منی بجٹ سے موجودہ 11.5 فیصد ماہانہ اور 19.8 فیصد ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کو آگ لگانے جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان منی بجٹ لانے کے بجائے عوام سے جھوٹے وعدے، کمر توڑ مہنگائی، معاشی سبز باغ دکھانے اور ملک کو تباہ کرنے پر معافی مانگیں۔انہوں نے کہا کہ عمران حکومت کا واحد معاشی مقصد اب صرف عوام سے ٹیکس بٹورنا رہ گیا ہے، حکمران مال بنانے میں مصروف ہیں اور عوام فاقوں سے خودکشی کررہے ہیں، حکومت نے عوام کو لنڈے کے کپڑوں تک کا نہیں چھوڑا ہے۔