پاکستان سنگاپور سے بھی آگے جائے گا، حسان خاور


لاہور(صباح نیوز)پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاورنے کہا ہے کہ پاکستان انشاء اللہ سنگاپور سے بھی آگے جائے گا، ہم کفایت شعاری کے ساتھ اصلاحات لا رہے ہیں، قوم کو میٹھی گولیوں کی عادت نہیں ڈالنا چاہتے،تحریک انصاف اپوزیشن کو ہر سطح پر ٹف ٹائم دے رہی ہے۔

  لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسان خاور نے کہا کہ حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنا چاہتی ہے، جنوری کی ابتدا میں عوامی خدمت کے 3 ہزار سے زائد مراکز قائم کردیں گے۔پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ محکمہ مال کے اس منصوبے پر اربوں روپے خرچ نہیں کئے گئے ہیں، ان منصوبوں پر حکومت کے پاس موجود وسائل ہی استعمال کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو محکمہ مال کے مختلف دفاتر میں دھکے کھانے پڑتے تھے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر لوگوں کو ایک چھت کے نیچے خدمت فراہم کی جارہی ہے جبکہ پولیس، لوکل گورنمنٹ سسٹم اور دیگر محکموں میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپوزیشن کو ہر سطح پر ٹف ٹائم دے رہی ہے، اپوزیشن کب تک عوام کو بیوقوف بناتی رہے گی۔

ترجمان پنجاب حکومت کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پاکستان کو پیسہ بنانے کی مشین بنا رکھا ہے، المیہ یہ رہا کہ ہم اپنی سیاست چمکانے کیلئے قرضے لیتے رہے، کسی نے یہ نہیں سوچا کہ  آنیوالی نسلیں یہ قرضے کیسے واپس کریں گی، پی ٹی آئی حکومت 70 سال کا عذاب کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم قوم کو میٹھی گولیوں کی عادت نہیں ڈالنا چاہتے، کسی ڈیل اور ڈھیل کی گنجائش نہیں، ساون کے اندھے کو ہر طرف ہرا دکھائی دیتا ہے، ان کی خواہش ہے کہ ہمارا کوئی اتحادی ٹوٹ جائے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، ہم بلدیاتی اداروں کو مکمل اختیارات دے رہے ہیں، بلدیاتی نظام سے متعلق پنجاب اور سندھ کا موازنہ کیا جا سکتا ہے۔