بھلوال،چلتی مسافر وین میں گیس سلنڈر دھماکہ، 7 مسافر جاں بحق، 14 افراد زخمی


سرگودھا(صباح نیوز)بھلوال کے قریب چلتی مسافر وین میں گیس سلنڈر سے لیکج دھماکے سے گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 7 مسافر جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتا ل منتقل کردیا گیاجہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے

پولیس کے مطابق  الصبح نجی کمپنی کی مسافر وین 21مسافروں کو لیکر بھلوال سے کوٹ مومن روانہ ہوئی تو کوٹ مومن روڈ پر کامرس کالج کے قریب پہنچی تو اس میں نصب گیس سلنڈر سے گیس لیک ہونا شروع ہوگئی جس کی وجہ گاڑی میں اچانک آگ بھڑک گئی ،مسافر گاڑی میں سامنے والی نشستوں پر سوار مسافروں نے فوری گاڑی سے باہر نکل کر اپنی جانوں کو بچا یا، لیکن وین کے پچھلے حصے میں موجود خواتین اور بچے باہر نہیں نکل سکے جس کے نتیجے میں ماں اور اسکی 2بیٹیوں سمیت 7 مسافر جھلس گئے اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، شدید آگ کے باجود مسافروں کو باہر نکال کرکئی مسافروں کو جھلسنے سے بچا لیا ۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 اور پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال بھلوال منتقل کیا گیا جہاں تشویشناک حالت کے پیش نظر 2 افراد کو سرگودھا ٹیچنگ ہسپتال ریفر کردیا گیا ۔آگ میں جھلسنے کے باعث 7 مسافر جل کر کوئلہ ہوگئے ۔ جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین نے اپنے پیاروں کا پتہ نہ چلنے پر بتایا کہ جھلس کر جاں بحق ہونے والوں میں ایک ماں صبیحہ اپنی دو بیٹیوں عائشہ اور شبیہ جبکہ ایک خاتون مسافر کلثوم رانی شامل ہے ۔

انتظامیہ نے کہا کہ مرنے والوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ہی ہو سکے گی ۔ مسافروں نے بتایاکہ آگ اچانک بھڑکی انہیں قطعی پتہ  نہیں چلاسکا کہ آگ کیسے لگی ۔ پولیس ہیڈکانسٹیبل شاہد صفدر اگر جرات کا مظاہر ہ کرتے ہوئے مسافر ویگن کے مسافر کو گاڑی سے باہر نکالا۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مسافر میں آگ سے جھلسے جانے والے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ، ضلعی انتظامیہ کو واقعہ میں زخمیوں کی مکمل طبی امداد کرنے کا حکم ۔مسافر ویگن جو بھلوال سے کوٹ مومن جارہی تھی گیس سلنڈر سے گیس کے اخراج کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی تھی اور اسکے نتیجے میں ماں 2 بیٹیاں سمیت 7 مسافر جھلس کر کوئلہ بن گئے تھے اور 14 مسافر زخمی ہوئے تھے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ضلعی انتظامیہ سے فوری واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی کہ زخمیوں کی طبی امداد میں کوئی کسر نہ رکھی جائے ۔