انصاف کی فراہمی میں عدلیہ کے ساتھ ساتھ وکلا برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلا م آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں عدلیہ کے ساتھ ساتھ وکلا برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری نے ہمیشہ ملک میں پارلیمان اور آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارراولپنڈی، گوجر خان اور لاہور بار کونسل کے وفود سے پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمان 22 کروڑ عوام کی دانشگاہ ہے اس کی تکریم ہم سب پر لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ قومی اسمبلی نے گزشتہ ایک سال کے دوران ریکارڈ قانون سازی کی ہے اور عوامی اہمیت کے حامل اہم ایشوز کو زیر بحث لایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلینجز پر قابو پانے کے لیے پارلیمان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ موثر قانون سازی کے ذریعے ملک کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے مشکل وقت میں ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالی اور مشکلات کے باوجود ملک کو درپیش چیلینجز سے نکالنے میں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل انتہائی محنتی اور باصلاحیت ہے اور ملک کو درپیش چیلینجز سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلینجز پر قابو پانے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے راولپنڈی، گوجر خان اور لاہور بار کونسل اور وکلا برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری  کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

راولپنڈی، گوجر خان اور لاہور بار کونسل کے وفود نے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور وکلا برادری کے لیے ان کے تاثرات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان ملک کا سب سے بڑا آئین ساز ادارہ ہے اس کا احترام سب پر لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی سے ہی ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتا۔انہوں نے ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے کے اسپیکر کے کردار کو سراہا۔وفد کے اراکین نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے وکلا برادری کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔۔۔۔۔