گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کا اخوت کالج یونیورسٹی مصطفی آباد کا دور ہ ،آئی ٹی سینٹر کا افتتاح کیا

 قصور(صباح نیوز)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اخوت کالج یونیورسٹی مصطفی آباد میں آئی ٹی سینٹر کا افتتاح کیااس موقع پراخوت کالج یونیورسٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب، ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی، ڈی پی او طارق عزیز سندھو اور اخوت کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبرز بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے اخوت یونیورسٹی کالج قصور کے مختلف بلاکس کا دورہ اور طلبہ سے خطاب کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اخوت کا ماڈل فلاحی کام کی ایک بہت بڑی مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ سبحان تعالی کا نظام ہے کہ آپ جتنی خدمت خلق کریں گے، اللہ اتنا ہی زیادہ آپ کو نوازے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا تعلیمی ادارہ بنانا جس میں ضرورت مند طلبہ سے نہ صرف فیس نہیں لی جاتی بلکہ رہائش کی بھی مفت سہولت فراہم کی جاتی ہیں قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں ملک کے تمام صوبوں سے طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں جو کہ خوش آئند بات اورآج کے جدید دور تعلیم میں ڈیجیٹل مہارتیں بہت اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی بدولت اب کتابیں بھی ایک کمپیوٹر میں دستیاب ہیں۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پرلائبریری میں موجود آن لائن بکس دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ جس معاشرے میں لوگ فلاح و بہبود کے کام میں ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں وہ ہمیشہ ترقی کرتا ہے۔گورنر پنجاب نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم حاصل کرنے کا کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنے کردار میں اعلی اخلاقی اقدار پیدا کریں،انہوں نے کہا کہ آپ کو زندگی میں صحیح اور غلط میں تمیز کرنی ہے، سچائی اور حق کا راستہ مشکل ہوتا ہے لیکن اسی میں دائمی سچائی ہے