الخدمت فاؤنڈیشن ”بنو قابل پروگرام” کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلانے کا عزم رکھتی ہے،سید وقاص جعفری، سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان

لاہور(صباح نیوز ) الخدمت فاؤنڈیشن” بنو قابل پروگرام ”کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلانے کا عزم رکھتی ہے۔الخدمت بنو قابل پروگرام کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں آئندہ کے لیے منصوبہ بندی کی گئی۔ اجلاس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان  کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے کی۔

 الخدمت  کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد، بنو قابل پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر نوید علی بیگ, نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران بلوچ اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو بنو قابل پروگرام بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سید وقاص جعفری نے بنوقابل کی ٹیم کو کراچی میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت بنو قابل پروگرام کو لاہور، پشاور اور فیصل آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غربت اوربے روزگاری ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ روز بروز بڑھتی مہنگائی کے باعث بڑھے لکھے ذہین نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کے لئے ممکن نہیں رہا کہ وہ اپنے بچوں کو مہنگے پروفیشنل کورسز کرواسکیں۔ الخدمت بنو قابل پروگرام ایسے ہزاروں  نوجوانوں کے لئے امید کی کرن ہے۔ ”بنو قابل” پروجیکٹ کے تحت مختلف کورسز کرنے والے نوجوان اپنا روزگار خود پیدا کرنے کے قابل بن جائیں گے۔ نوجوان آئی ٹی کورسز اور فری لانسنگ سیکھ کر نہ صرف باعزت روزگار کما سکیں گے بلکہ اپنے اہل خانہ کی خوشحالی، اس شہراور ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکیں گے۔

 نوید علی بیگ نے بتایا کہ کراچی میں بنو قابل پروگرام کے تحت ٹیسٹ اور انٹرویوز میں کامیاب طلبہ کو  ایمزون،ویب ڈیولپمنٹ، فری لانسگ، ویب ڈیزائننگ سمیت مختلف کورسزکرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرک، انٹر پاس بے روز گار نوجوانوں کو چھ ماہ دورانیہ کے کورسزکروائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں بنوقابل پروگرام کے تحت ایک لاکھ لڑکے اور لڑکیوں کو رجسٹرڈ کیا گیا۔ جبکہ 46 ہزار لڑکے لڑکیوں نے ٹیسٹ پاس کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تیرہ ہزار افراد کا پہلا بیج، جن کے کورسز مکمل ہونے کے قریب ہے انہیں پاس آوٹ ہونے سے پہلے ہی جابز آفر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ الخدمت بنو قابل پروگرام کے تحت کورسز پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB )اور پاکستان سافٹ وئیر ہاوس ایسوسی ایشن (P@SHA) سے رجسٹرڈ ہیں۔  اگلے ماہ پہلے بیج میں شامل  پاس آوٹ ہونے والے افراد میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں پندرہ ہزار افراد کو انرول کیا جائے گا۔