جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے خودکشی کرلی


لاہور(صباح نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ  جہانگیر ترین کے بڑے بھائی بھائی عالمگیر ترین نے خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی مارلی۔عالمگیر ترین معروف بزنس مین اور  ملتان میں پیپسی کولا فیکٹری کے مالک بھی تھے، عالمگیرخان ترین پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں،

عالمگیر ترین لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنے گھر میں تھے، وہاں سے اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس حکام کے مطابق عالمگیر ترین نے خودکشی سے قبل ایک تحریر بھی چھوڑی ہے جس میں انہوں نے اپنی بیماری کا ذکر کیا ہے۔

دوسری جانب ان کے قریبی دوستوں نے بتایا کہ انہیں عالمگیر ترین کی بیماری کا علم نہیں۔عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کے دوستوں کے مطابق عالمگیر ترین کی عمر 63 سال تھی، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ دسمبر میں شادی کرنے جا رہے تھے۔

پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردی ہے جبکہ فارنزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کئے ۔