ٹوکیو(صباح نیوز)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کو علاقائی روابط کو فروغ دینے اور پورے خطے میں تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے ایک مضبوط اور موثر بنیادی ڈھانچے کے نظام کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے ایشین ڈویلپمنٹ بنک انسٹی ٹیوٹ میں ایشیائی تناظر میں پاکستان اور جاپان کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک اپنی قوتوں کو زیر استعمال لاتے ہوئے اورعلاقائی کوششوں کے ذریعے سارک ممالک کی ترقی میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ جب تک جموں وکشمیر کا تنازعہ مذاکرات کے ذریعے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا اس وقت تک جنوبی ایشیا میں امن نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اس قرارداد کیلئے کام کرنے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت مذہبی جنون کی گرفت میں ہے اوراس نے مذاکرات اورسفارت کاری کا راستہ بند کردیا ہے ۔افغانستان کے حوالے سے وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان اور جاپان مستحکم محفوظ اورخوشحال افغانستان کیلئے کردار ادا کرسکتے ہیں۔