راولپنڈی(صباح نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ٹانک اور شمالی وزیر ستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، جس میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک میں 29 اور 30 جون کی درمیان شب سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جہاں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیاگیا۔
علاوہ ازیں شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ایک اور مقابلے میں مزید تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا، مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیرنس آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔