اسلام آباد (صباح نیوز).وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں معاشی ٹیم نے ملاقات کی ،معاشی ٹیم نے وزیرِ اعظم کو اقتصادی سروے برائے مالی سال 2022-23 پیش کیا وزیرِ اعظم نے معاشی ٹیم کی گزشتہ ایک برس میں ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے کوششوں کو سراہا،
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے چھوڑے گئے معاشی چیلنجز اور تاریخی سیلاب کے باوجود معاشی ٹیم کی ملکی معیشت کیلئے خدمات قابلِ ستائش ہیں،آئندہ بجٹ میں حکومت زرعی شعبے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدت پر خطیر سرمایہ کاری کرے گی ،چھوٹے کسانوں کو اعلیٰ معیار کا بیج اور خودکار زرعی مشینری سے لیس کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں چھوٹے کسانوں کیلئے بلاسود قرضوں کے پروگرام میں توسیع کی جائے ۔فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کسانوں کو حکومت انعام سے بھی نوازے گی ۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، معاونین خصوصی طارق باجوہ، طارق پاشا اور وزارت خزانہ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔