اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کرسمس کا تہوار منایا جا رہا ہے۔
پاکستان میں بھی مسیحی برادری کرسمس کا تہوار منا رہی ہے،دنیا بھر میں عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔مختلف مقامات پر کرسمس ٹری، شاپس اور بچوں کیلئے جھولے لگائے گئے ہیں۔کرسمس کی سب سے بڑی دعائیہ تقریب ویٹی کن سٹی میں ہوئی۔
پوپ فرانسس نے مذہبی رسومات سے تقریب کا آغاز کیا اور غریبوں کا خیال رکھنے کی اپیل کی۔امریکی صدر بائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن نے کرسمس کے موقع پر بچوں کے اسپتال کا دورہ کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔جوبائیڈن نے کرسمس پر لکھی کتاب میں سے اقتباس پڑھ کر سنایا۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی بڑی تقریبات ہوئیں۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں میوزک کنسرٹ سجایا گیا۔
آسٹریلیا میں بھی ہزاروں افراد کرسمس کی تقریبات کیلئے جمع ہوئے۔ گلوکارہ پیری نے کرسمس کا خصوصی گیت گایا۔
جرمنی میں ایک شخص منفرد انداز میں کرسمس منا رہا ہے جس نے اپنے گھر میں 400 کرسمس ٹری سجائے جن پر 10 ہزار سے زائد اشیاء سجائی گئی ہیں
پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا،گرجا گھروں میں دعائیہ تقاریب ہوئیں جن میں پاکستان کی خوشحالی اور سلامتی کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں