جی 20 اجلاس’ 15 فیصد کارپوریٹ ٹیکس پر اتفاق


روم(صباح نیوز) اٹلی کے دارالحکومت میں ہونے والے دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے گروپ جی20- کے اجلاس میں 15فیصد کارپوریٹ ٹیکس کو لاگو کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے جبکہ کورونا وبا اور موسمیاتی تغیرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جی20-اجلاس میں رکن ممالک کارپوریٹ ٹیکس معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں جس کے تحت بڑے کاروباری اداروں کے منافع پر کم از کم 15فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ 2023تک نافذ العمل رہے گا۔جی ٹوئنٹی اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں اور کورونا وبا پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کورونا وبا سے نبرد آزما ہونے اور آئندہ ایسی صورت حال کو پیدا ہونے سے روکنے کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل بھی ترتیب دیئے جانے کا امکان ہے۔

رواں برس ہونے والی اس جی ٹوئنٹی اجلاس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ کورونا وبا کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے جس میں 18 رکن ممالک کے سربراہان نے دوبدو ملاقات کی جب کہ چین اور روس کے سربراہان روم نہ پہنچ پانے کے باعث آن لائن شریک تھے۔اجلاس کے دوران حاشیے میں بھی رکن ممالک کے سربراہان کی مختصر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے دوران دنیا کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔