اسحاق ڈار سے بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے وفد کی اہم ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز آف پاکستان کے  وفد نے ایف بی آر میں ملاقات کی  وفاقی  بجٹ 2023-24 کی تجاویز  پر بات چیت ہوئی ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو  طارق محمود پاشا، چیئرمین آر آر ایم سی  اشفاق یوسف تولہ، چیئرمین ایف بی آراورادارے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

جاری سرکاری بیان کے مطابق  وفد نے وزیرخزانہ کو تعمیراتی صنعت کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اور آئندہ وفاقی بجٹ کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ وفد نے معاشی چیلنجوں پر قابو پانے اور ملک میں اقتصادی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی کوششوں میں تعاون کا یقین دلایا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وفد کی پیش کردہ تجاویز کی تعریف کرتے ہوئے  یقین دلایا کہ حکومت معاشی چیلنجز پر قابو پانے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی مدد کرنے اور ملک میں معاشی ترقی اور بڑھوتری کے لیے کاروبار دوست بجٹ فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔وفد نے بجٹ تجاویز پر غور کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔وفد میں چیئرمین آباد الطاف تائی ،  سابق چیئرمین آبادعارف یوسف جیوا ، سینئر وائس چیئرمین خاور منیر  آباد، وائس چیئرمین آباد ندیم جیوا، ، چیئرمین ساتھ ریجن آ باد راحیل رینچ  آباد،  عسکری آغا اور  سفیان عدیہ  شامل تھے۔