تھر کے کوئلہ سے عوام کو سستی بجلی ملے گی،تھر پروجیکٹ کی تعمیر سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے،خرم دستگیر

حیدرآباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ تھر کے کوئلہ سے عوام کو سستی بجلی ملے گی ،وہ کام جو چار سال میں نہ ہو سکا ،ہم نے وہ کام 4 مہینے میں ایک ارب روپے کی ریکارڈ بچت کے ساتھ مکمل کردیا ہے تھر پروجیکٹ کی تعمیر سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے ،نوجوانوں کو روز گار ملے گا،ہم تخریب نہیں تعمیر کرتے ہیں ،عمران خان نے نوجوانوں کو گمراہ کیا ہے وہ کونسی آزادی کی بات کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ٹی ڈی سی کی جانب سے تھر سے مٹیاری تک 220کلو میٹر 500KVٹرانسمیشن لائن کے افتتاح سے قبل حیدرآباد کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ ، رکن قومی اسمبلی کھیئل داس،ڈی جی این ٹی ڈی سی عبدالجبار خان ، ڈی آئی جی حیدراباد سید پیر محمد شاہ ،حیسکو چیف مظفر عباسی اور این ٹی ڈی سی حکام ودیگر موجود تھے۔

وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ تھر سے کوئلہ کی پیدوار کے بعد این ٹی ڈی سی نے یہاں سے چار سال قبل بجلی کی ترسیل کے لیے21ارب روپے کے بجٹ کے ساتھ کام شروع کیا مجھے وزیر اعظم شہباز شریف نے جنوری میں ہدایت دی کہ یہ کام جلد از جلد مکمل کیا جائے ہم نے جو کام چار سال میں مکمل نہیں ہوسکا وہ محض چار مہینے میں اوروہ بھی ایک ارب روپے کی بچت کے ساتھ مکمل کردیا ہے اس سے قوم کو سستی بجلی ملے گی ملک کی صنعتوں کو فائدہ ہوگا،انہوں نے کہاکہ این ٹی ڈی سی نے یہ تھر سے مٹیاری تک ٹرانسمیشن لائن پانچ دیگر کمپنیوں کے تعاون سے مکمل کی ہے اس سے 1980میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی اور جو لوگ سمجھتے تھے کہ تھر کے کوئلہ سے ہم بجلی پیدا نہیں کرسکتے وہ دیکھ لیں یہ کام ہم نے کردکھایا ہے انہوں نے کہاکہ ملک میں لوڈ شیڈنگ ہے اسکا ہمیں اعتراف ہے لیکن یہ بجلی کی کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ سسٹم کی خرابی کی وجہ سے ہے جبکہ بجلی چوری پر ہمیں قابو پانا ہوگاہم نے حیسکو چیف نیا لگایا ہے

انہوں نے ناقص ٹرانسفارمر بنانے والوں کو پکڑا ہے تار اور پول ناقص طریقے سے تیار کئے جارہے تھے لیکن اب ہم نے ملک میں معیاری ٹرانسفارمرز اور بجلی کے دیگر آلات ، تار اور کھنمبے تیار کرنے کے کارخانے لگائے ہیں جہاں سے نوجوانوں کو روز گار بھی مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمپنیاں صوبوں کے حوالہ کرنے سے متعلق غور ہورہا ہے لیکن بہت سے ایسے مسائل ہیں جنہیں حل کرنا ناگزیر ہے تاکہ یہ کمپنیاں صوبوں پر بوجھ نہ بن جائیں

انہوں نے کہاکہ این ٹی ڈی سی نے 26سال پرانے کنڈیکٹر جس کا نیپرا نے نوٹس لیا اور بجلی کے کریک ڈان کا ذمہ دار اسے قرار دیا تھایہ 2019 میں لگائے تھے۔انہوں نے ملک کے سیاسی حالات سے متعلق کہا کہ عمران خان نے چار سال میں ملک کو جس نہج پر پہنچادیا ہے وہ قوم کے سامنے ہے میں مانتا ہوں کہ آج جان لیوا مہنگائی ہے لیکن اسکا اصل ذمہ دار عمران خان ہے جس نے نوجوانوں کا روزگار دینے کے بجائے گمراہ کیا ہے وہ کونسی آزادی کی بات کرتے ہیں یہ جو 9مئی کو شہدا کی یاد گار نذرآتش کرکے اور حسا س مقامات پر حملہ کرنے کی آزادی ہے لیکن ہمارا عزم ہے کہ وہ اندھیرے کریں گے ہم اجلا کریں گے وہ آگ لگائیں گے ہم آگ بجھائیں گے وہ تخریب کریں گے ہم تعمیر کریں گے ۔