الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری کا نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران بلوچ کے ہمراہ دِیر اور چترال کا 3 روزہ دورہ۔

لاہور (صباح نیوز ) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان  کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری  اور نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران بلوچ  نے دِیر  اور چترال کا3روزہ دورہ کیا ۔

اِس موقع پر الخدمت خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص اور مقامی ذمہ داران بھی موجود  تھے۔دورے کا مقصد دیر اور چترال کے اضلاع میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت قائم  سکولوں،  ڈائگناسٹک سینٹر، آغوش  اورہسپتال سمیت دیگر  پراجیکٹس کا جائزہ لینا تھا۔ خالد وقاص  نے وفد کو دیر لوئر اور چترال میں باہمت بچوں کے اقامتی ادارے آغوش  کا دورہ کرواتے ہوئے بتایا کہ دیر اور چترال کے آغوشوں میں اِس وقت 300 یتامیٰ زیر کفالت ہیں جنہیں قیام و  طعام کے ساتھ تعلیم و تربیت اور سکولوں میں دیگر سہولیات  فراہم کی جا رہی ہیں۔

اِسی طرح وفد  نے آغوش الخدمت چترال میں ناظرہ و حفظ قرآن پاک مکمل کرنے والے بچوں  کے اعزاز میں منعقدہ  قرآن کنونشن  میں شرکت کی اور بچوں کو اسناد اور انعامات سے نوزا۔ بعد ازاں وفد نے الخدمت سکولوں، ڈائگناسٹک سینٹرز اور الخدمت ہسپتالوں  کا دورہ بھی کیا اور وہاں دی جانے والی تعلیمی و  طبی  سہولیات اور خدمات  کا جائزہ لیا۔ سید وقاص جعفری نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے دور دراز علاقوں میں جاری خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا وقت کے ساتھ ساتھ الخدمت بھی اپنے کاموں میں جدت لا رہی ہے  اور اِس خدمات کا مقصد دور افتادہ علاقوں میں لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔