طالبان سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ پہلی بار منظر عام پرآگئے


قندھار(صباح نیوز)افغان طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے قندھار میں منعقد ہونے والے عوامی اجتماع میں شرکت کرکے پہلی بار منظر عام پر آگئے۔

طالبان حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے قندھار میں واقع مدرسہ دارالعلوم حکیمہ کے اجتماع میں شرکت کی ہے۔طالبان حکام کے مطابق سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے اجتماع میں سپاہیوں اور شاگردوں سے 10 منٹ تک خطاب بھی کیا۔

اس تقریب کے لیے سیکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی تھی اور اس سلسلے میں کوئی تصویر یا ویڈیو بھی منظرِ عام پر نہیں آئی تاہم طالبان کے سوشل میڈیا اکائونٹس پر 10 منٹ کی آڈیو ریکارڈنگ شیئر کی گئی۔

اس تقریر میں سیاسی تنظیم کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی لیکن انہوں نے طالبان قیادت کے لیے دعا کی ہے۔اپنے خطاب میں امیر طالبان نے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور اللہ سے طالبان کی مدد و نصرت کی دعا بھی کی۔