اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ عمران خان کو بلدیاتی الیکشن میں شکست مبارک ہو ، چیئرمین نیب ڈیلی ویجز پر ہیں، چیئرمین نیب بتائیں اب تک سیاستدانوں سے کیا ریکوری ہوئی۔ بارہا کہہ چکا ہوں پارٹی صدر ہی وزیراعظم کا امیدوار ہوگا۔
مریم نواز شریف بھی وزیراعظم کی امیدوار ہوسکتی ہیں ۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام نے عمران خان کو مسترد کردیا ہے مہنگائی اس کی بڑی وجہ ہے ۔
خیبرپختونخوا کے الیکشن شفاف نہیں تھے۔ ہوسکتا ہے بلدیاتی الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہی ہو اسٹیبلشمنٹ کے غیر جانبدار ہونے کا تعلق 20 نومبر سے نہیں ہے ۔ وزیراعظم اب مہنگائی نہیں بلکہ بلدیاتی ٹکٹوں کا ہی فیصلہ کرلیں۔ انہوں نے کہاکہ نیب کو ختم کردیں تو ملک چلے گا۔ چیئرمین نیب کو حکومت کے خلاف ازخود نوٹس لینا چاہیے۔ قومی اسمبلی کا اسپیکر صوبے میں فنڈز بانٹ رہا تھا۔ 21 سال ہوگئے نیب نے کیا کام کیا؟ چیئرمین نیب کا مجھ سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں وہ حکومت کے تابع ہیں حکومت کی چوری چھپانا ان کا کام ہے ۔
کابینہ کا ہر وزیر منہ کھولے پیسے مانگتا ہے ۔ کرپشن رکی نہیں بڑھی ہے۔ چیئرمین نیب چینی اسکینڈل کی تحقیقات کریں۔ آج جو الزامات لگارہے ہیں ان کے حقائق بھی عوام کے سامنے آجائیں گے ۔ چینی ، گندم، تیل ، ایل این جی جیسے بے شمار اسکینڈل ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ حکومت نے مشاورت کے نام پر آج تک صرف ایک خط لکھا ہے اس کابینہ میں ایک بھی وزیر کلین نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے امیدوار کا فیصلہ الیکشن کے بعد ہی ہوگا۔ اگر الیکشن کے وقت نواز شریف پاکستان میں ہوئے تو انتخابی مہم وہ چلائیں گے، وزیراعظم کے امیدوار کا فیصلہ جماعت حالات دیکھ کر کرے گی۔ ایک سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جس کو پارٹی میں مقبولیت ہوتی ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتا ہے وہی وزیراعظم بنتا ہے۔