خواجہ آصف کیخلاف ہرجانہ کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرائل کورٹ کی سماعت روکنے کے حکم میں 6جون تک توسیع


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کیخلاف ہرجانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کی سماعت روکنے کے حکم میں 6جون تک توسیع کردی۔ 

شوکت خانم ہسپتال سے متعلق الزامات پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے خلاف ہرجانہ کیس کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ٹرائل کورٹ کی سماعت روکنے کے حکم میں 6جون تک توسیع کردی۔ خواجہ آصف کی جانب سے ٹرائل کورٹ میں اضافی استاویزات جمع کروانے کی درخواست دائر کی گئی تھی جسے ٹرائل کورٹ نے منظور کر لیا تھا۔

ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔ گزشتہ سماعت پر28اپریل کو عدالت نے ٹرائل کورٹ کی کاروائی پر حکم امتناع جاری کردیا تھا۔ جمعرات کے روز خواجہ آصف کے وکیل کی جانب سے وکالت نامہ عدالت میں جمع کروایا گیا اور دلائل دینے کے لئے مزید وقت دینے کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے خواجہ آصف کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت چھ جون تک ملتوی کردی جبکہ اس دوران ٹرائل کورٹ کی کاروائی پر حکم امتناع برقراررہے گا۔

واضح رہے کہ عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کے حوالہ سے بیانات دینے پر خواجہ آصف کو ہرجانے کا نوٹس بھجوایا گیا تھا اوراسی سلسلہ میں ٹرائل کورٹ اس کیس کی سماعت کررہی ہے۔